روس نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی مذمت کی ہے، جوہری تنصیبات پر حملوں سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ویانا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روس نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثرات خطے کے دیگر ممالک تک پھیل چکے ہیں۔ بین الاقوامی تنظیموں میں روس کے مستقل مندوب میخائل اولیانوف نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی صورتحال ایجنسی کے دائرہ کار میں ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایجنسی اسرائیل اور امریکا کے اقدامات پر واضح مؤقف اختیار کرے۔
روسی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا مقصد ایران کی حکومت کا خاتمہ اور ریاستی ڈھانچے کی تباہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش سیاسی مقاصد کے لیے ظاہر کی گئی ہے اور واشنگٹن عدم پھیلاؤ کے اصول کو سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
میخائل اولیانوف نے کہا کہ عالمی عدم پھیلاؤ نظام اور این پی ٹی معاہدے پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں اور جوہری تنصیبات کو حملوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ روس نے امریکا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوجی کارروائیاں بند کریں اور معاملے کو سفارتی راستے پر لائیں۔











