ذیابیطس کے مریض رمضان میں احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ روزہ رکھ سکتے ہیں۔ متوازن غذا اور شوگر کی باقاعدہ نگرانی اہم ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ذیابیطس کے مریض رمضان میں روزہ رکھنے کے لئے پہلے سے تیاری اور احتیاط سے کام لیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھ کر روزہ رکھنا ممکن ہے۔
ماہرین نے صحت پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سحری میں متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا انتخاب کریں۔ مریضوں کو گندم اور جو کے آٹے کی روٹی پروٹین سے بھرپور غذاؤں جیسے انڈا، چکن یا دہی کے ساتھ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ غذا توانائی فراہم کرتی ہے اور شوگر کے اچانک اتار چڑھاؤ کو روکتی ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ روزے کے دوران زیادہ پیاس سے بچنے کے لئے تلی ہوئی اور چکنائی والی اشیاء سے پرہیز کریں۔ میٹھی چیز کی خواہش ہو تو چینی کے بجائے اسٹیویا کے پتے استعمال کریں۔
ذیابیطس کے مریضوں کو خون میں شوگر لیول کی باقاعدہ نگرانی کرنی چاہئے۔ یہ کم از کم تین مرتبہ چیک کریں۔ سحری کے وقت، افطار سے پہلے اور افطار کے بعد، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت بچا جا سکے۔















