اسلام آباد: صدر زرداری نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران پاکستانی افواج کی بہادری کو سراہا اور بھارت کو شکست کی یاد دہانی کرائی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی حملے کو تاریخی فتح میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے میدان سے مذاکرات کی میز کی طرف آنا ہی علاقائی سلامتی کا راستہ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ملکی خودمختاری کا تحفظ، آئین کی حکمرانی اور معاشی ترقی کو فروغ دینا قومی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ افواج پاکستان نے بہادری سے سرحدوں کی حفاظت کی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے بھارت اور افغانستان کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی سرزمین مقدس ہے اور کسی بھی دراندازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر نے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔














