ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، کراچی میں امریکی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کے دوران 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد ہوئیں۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے۔
انتظامیہ نے امریکی قونصل خانے کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے جبکہ قونصل خانے کے سامنے پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو آگ لگا دی گئی۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی مظاہرین پر شیلنگ کی گئی۔ سندھ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔
لاہور میں بھی مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کو مظاہرین کے احساسات کو سمجھنے اور ان کے ساتھ عزت سے پیش آنے کی ہدایت دی۔ اسلام آباد میں ریڈ زون کے راستے بند کر دیے گئے اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
پشاور اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی امریکا مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔















