وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ افغان طالبان کے خلاف آپریشن غضب للحق میں 297 کارندے ہلاک اور 450 زخمی ہوئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان رجیم کے 297 کارندے ہلاک اور 450 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق افغان طالبان کی 89 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں جبکہ 18 چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 135 مسلح گاڑیاں اور ٹینک بھی تباہ کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں 29 مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا، اور آپریشن اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ زئوبا سیکٹر میں افغان گالف پوسٹ کو حملے میں تباہ کیا گیا جبکہ ساوتھ کمپلیکس کے قریب ایک گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور سکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔














