چین نے پاک افغان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کی وزارت خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک چین کے قریبی ہمسایہ ہیں اور چین تنازع میں شدت آنے پر دلی افسوس کرتا ہے۔ چین موجودہ صورتحال کو بغور دیکھ رہا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین دونوں فریقوں سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اپنے اختلافات اور تنازعات کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کریں۔ چین نے اپنے ذرائع سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی کوششیں کی ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔













