رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی جاری ہے؛ کابل سمیت افغانستان کا کوئی علاقہ ہماری دسترس سے دور نہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے اور کابل سمیت افغانستان کا کوئی علاقہ ہماری دسترس سے دور نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغانستان پر قابض جتھے کی کوئی حیثیت نہیں ہے، پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان رجیم بھارت کے فنڈز پر چل رہی ہے اور پاکستان کا مطالبہ صرف دہشتگردی کے خاتمے کا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، جس میں افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان رجیم نے کواڈکاپٹر کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، جو سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری جاری ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان رجیم کے 58 اہلکار ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔













