جنیوا میں امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات میں بنیادی اختلافات برقرار ہیں، امریکا نے سخت شرائط پیش کی ہیں۔
جنیوا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا تیسرا دور جنیوا میں جاری ہے، لیکن دونوں ممالک کے درمیان بنیادی اختلافات تاحال برقرار ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد جنگ کے خطرے کو ٹالنا ہے، مگر امریکا نے ایران کے سامنے سخت شرائط رکھ دی ہیں۔
امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ نطنز، اصفہان اور فردو کی تمام جوہری تنصیبات فوری طور پر بند کی جائیں اور اب تک افزودہ شدہ یورینیئم امریکا منتقل کیا جائے۔ مزید برآں، امریکا چاہتا ہے کہ اگر معاہدہ طے پاتا ہے تو وہ غیر معینہ مدت کے لیے ہو۔
یہ شرائط 2015 کے جوہری معاہدے سے مختلف ہیں جس میں پابندیوں کے خاتمے کی شق موجود تھی۔ عرب سفارتکار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو جوہری معاہدے کا نیا مسودہ پیش کیا ہے، جس میں یورینیم افزودگی کی سطح کم کرنے کی تجویز شامل ہے۔












