پاکستان نے افغانستان سے ہونے والے دہشتگرد حملوں کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رکھنے کا عندیہ دیا اور افغان حکام سے پاکستانیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے خلاف اپنا دفاع جاری رکھے گا۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ افغانستان کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات مایوس کن ہیں اور باجوڑ و بنوں میں حملوں کے بعد ہماری کارروائیاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مرکوز رہیں۔ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے اور افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ ان حملوں میں ملوث ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خطرے سے مکمل آگاہ ہیں اور سکیورٹی فورسز چوکس ہیں۔ افغانستان میں موجود ہر پاکستانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، اور اس معاملے پر افغان حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ اوآئی سی کا ہنگامی وزارتی اجلاس 26 فروری سے جدہ میں ہو رہا ہے، جہاں اسرائیلی اقدامات پر غور کیا جائے گا اور پاکستان اپنا مؤقف پیش کرے گا۔














