بھکر میں دہشتگرد حملے کے بعد پنجاب کے اسکولوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
بھکر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھکر میں دہشتگرد حملے کے بعد پنجاب بھر کے اسکولوں کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بڑے اور معروف اسکولز کی خصوصی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ اسکولوں میں وزٹرز کے داخلے اور اخراج کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور تعلیمی اوقات میں سیکیورٹی اسٹاف کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں میں 8 فٹ باؤنڈری وال اور خاردار تار لگائے جائیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹر اور پینک بٹن کی تنصیب لازمی کر دی گئی ہے۔
تمام اسکولوں میں ایک ہی مرکزی گیٹ استعمال ہوگا اور مشکوک سرگرمی کی فوری رپورٹنگ یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ مراسلے میں اسکولوں میں ایمرجنسی ایس او پیز اور موک ایکسرسائز کرانے کی ہدایت بھی شامل ہے۔
طلبا کے مرحلہ وار اخراج اور پینے کے پانی کے ذخائر کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکیورٹی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔















