اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اہم مقدمات میں ضمانت منظور کرلی، 50 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانتیں دی گئیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چھ اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دو مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ عمران خان کے خلاف احتجاج، اقدام قتل، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا کیس شامل ہے۔ دونوں کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں پر منظور ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت کی۔ پبلک پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہئے۔
وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ کچھ کیسز حکومت نے ڈرانے کے لیے بنائے جن میں فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔ ان کیسز میں پراسیکیوشن کی دلچسپی بھی ختم ہوچکی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانتیں منظور کرلیں۔














