برطانیہ میں 24 فروری کو صحرائی گرد کے باعث سرخ بارش متوقع، ماہرین نے کہا ہے کہ یہ مظہر انسانی صحت کے لیے خطرناک نہیں ہوگا۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی ماحولیاتی ادارے CAMS نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں نایاب مظہر ‘بلڈ رین’ یا سرخ بارش کا امکان ہے۔ یہ مظہر صحرائے اعظم سے اٹھنے والی سرخ گرد کی تہہ کے باعث ہوگا جو برطانیہ کی بارشوں کے ساتھ مل کر سرخ رنگ اختیار کر لے گی۔
ماہرین کے مطابق، یہ سرخ ریت زیادہ تر جنوبی انگلینڈ کے اوپر اور اونچی بلندیوں پر گزرے گی، تاہم یہ انسانی صحت کے لیے خطرناک نہیں ہوگی۔ اس کے نتیجے میں گاڑیوں اور کھلی سطحوں پر ہلکی ریت کی تہہ بن سکتی ہے۔
یہ نایاب مظہر افریقہ کے خط استوائی علاقے میں موسمی بایو ماس جلانے کے سبب پیدا ہونے والی ریت کی لہر سے جنم لیتا ہے۔ تیز ہوائیں ریت کو بلند فضاء میں اٹھاتی ہیں اور اگر اوپری فضاء میں ہوائیں شمال کی طرف چل رہی ہوں تو یہ ریت برطانیہ تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، برطانیہ میں سرخ بارش منگل 24 فروری 2026 کو دوپہر کے وقت متوقع ہے اور تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی دفتر نے بھی تصدیق کی ہے کہ بارشوں کا موسم مارچ 2026 کے وسط تک جاری رہے گا۔













