محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری آئینی عدالت میں چیلنج کی گئی، اس درخواست میں آئین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تقرری وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ جوڈیشل کمیشن اور الیکشن کمیشن کی اہم تقرریوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت سزا یافتہ اور نااہل شخص اس عہدے کی نامزدگی نہیں کر سکتا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے رول 39 (3) کے تحت ارکان کے دستخطوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کی، جبکہ ماضی میں اسپیکر ارکان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے استعفوں کی تصدیق کرتے رہے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ دستخطوں کی تصدیق کے بغیر جاری کردہ نوٹیفکیشن آئین کی خلاف ورزی ہے اور اسے کالعدم قرار دیا جائے۔














