لیاقت بلوچ نے اپوزیشن قائدین سے ملاقات کی، سیاسی بحران کے حل کے لیے آئین و عدلیہ کی بالادستی پر اتفاق کیا اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپوزیشن قائدین سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسلام آباد میں لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا تاکہ سیاسی بحران کا حل ممکن ہو سکے۔
لیاقت بلوچ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ناکام ہوچکی ہے، صوبے کے عوام حکمرانوں کے رویے اور کرپشن کے باعث ناراض ہیں اور ملک میں رائج فرسودہ نظام سے نجات چاہتے ہیں۔
لاہور میں لیاقت بلوچ نے تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے بھی ملاقات کی، جس میں مجموعی سیاسی حالات اور اپوزیشن کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔
لیاقت بلوچ نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناقص حکمت عملی کے باعث زراعت، صنعت اور تجارت کے شعبے تباہی کا شکار ہیں۔














