پاکستان ہاکی ٹیم 24 فروری کو مصر روانہ ہوگی، ورلڈ کپ میں جگہ پانے کے امکانات روشن۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم میں کوچز کے تنازع کا حل ہوگیا اور نئے کوچز کی نگرانی میں ٹیم 24 فروری کو اسلام آباد سے مصر روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم کے آٹھ سال بعد ورلڈ کپ میں جگہ پانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ کپتان عماد بٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری عبوری صدر ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی معاملات کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عماد بٹ نے مزید کہا کہ نئے ٹیم انتظامیہ کی تعیناتی کے بعد ٹیم کا ماحول بہتر ہوگیا ہے اور رمضان میں رات کو ٹریننگ سیشن جاری ہیں۔ مصر میں یکم سے سات مارچ تک ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بہترین کارکردگی دینا ہمارا ہدف ہے۔
پاکستان کے پاس ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع ہے اور قوم کو خوشیاں دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے اور رمضان کی وجہ سے کھلاڑی رات کو ٹریننگ کر رہے ہیں۔
مصر میں پاکستان کو ملائیشیا، آسٹریا، چین کا چیلنج درپیش ہوگا اور سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کی اہل بن سکتی ہے۔ ہاکی ورلڈ کپ اگست کے دوسرے ہفتے ہالینڈ اور بیلجیم میں ہوگا۔















