اترپردیش میں بچوں کی استحصال ویڈیوز فروخت کرنے والے جوڑے کو سزائے موت سنائی گئی۔ عدالت نے متاثرہ بچوں کی بحالی اور مالی امداد کی ہدایت کی ہے۔
لکھنؤ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش میں بچوں کے جنسی استحصال اور ان کی ویڈیوز ڈارک ویب پر فروخت کرنے والے میاں بیوی کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ عدالت نے بتایا کہ مجرم جوڑے نے دس سال میں 33 کم عمر لڑکوں کو شکار بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ مجرمان بچوں کو آن لائن ویڈیو گیمز، پیسے اور تحائف کا لالچ دے کر قابو میں کرتے تھے۔ ان کی کارروائیاں 2010 سے 2020 تک جاری رہیں۔ اکتوبر 2020 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جب انٹرپول نے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کو اطلاع دی۔
عدالت نے اترپردیش حکومت کو متاثرہ بچوں کی بحالی اور نفسیاتی علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ مزید یہ کہ متاثرین کے اہل خانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔












