ڈی آئی خان میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے بروقت کارروائی کرکے خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا، قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔
ڈی آئی خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ انسداد دہشتگردی خیبرپختونخوا نے ڈی آئی خان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
محکمہ انسداد دہشتگردی نے حساس اداروں کی مصدقہ اطلاع پر شیخ یوسف خیمہ بستی میں کارروائی کی اور ایک مبینہ خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی کی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران خاتون کو حراست میں لیا۔
حکام کے مطابق، گرفتار خاتون ایک خارجی کمانڈر کی تربیت یافتہ تھی جبکہ خودکش حملے کے لئے جیکٹ اور ہدف خارجی کمانڈر کی جانب سے فراہم کیا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران خاتون کے قبضے سے 30 بور پستول، دو موبائل فونز، ٹیبلٹ، پاور بینک اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔















