فرانس نے 1916 میں آئیوری کوسٹ سے لوٹا گیا ‘ٹاکنگ ڈرم’ واپس کر دیا، جسے نوآبادیاتی اشیا کی واپسی کے سلسلے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فرانس نے 1916 میں آئیوری کوسٹ سے لوٹا گیا تاریخی ‘ٹاکنگ ڈرم’ واپس کر دیا ہے، جسے افریقی ممالک کو نوآبادیاتی دور کی اشیا کی واپسی کے سلسلے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ڈرم ‘ججِی ایوکوی’ کہلاتا ہے، 3 میٹر سے زائد طویل اور 430 کلوگرام وزنی ہے، جو ایبری قبیلے کے پیغامات کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ تقریبِ حوالگی پیرس میں منعقد ہوئی جس میں آئیوری کوسٹ کی وزیر ثقافت فرانسیس ریمارک اور فرانس کی وزیر ثقافت راشیدہ داتی نے شرکت کی۔
فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ ایک نئے قانون کے ذریعے افریقی ممالک کو نوآبادیاتی دور کی اشیا کی واپسی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ یہ ڈرم ان سینکڑوں نوادرات میں شامل ہے جن کی واپسی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ آئیوری کوسٹ کی وزیر ثقافت نے کہا ہے کہ یہ علامتی شے بالآخر اپنے وطن لوٹ آئی ہے اور پورا ملک اس کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ حکام کے مطابق ڈرم کو عابدجان میں زیر تعمیر نئے میوزیم میں مستقل نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ فرانس کے قومی عجائب گھروں میں نوآبادیاتی دور کی ہزاروں قیمتی اشیا محفوظ ہیں، جن میں سے کئی الجزائر، مالی اور بینن جیسے ممالک سے حاصل کی گئی تھیں۔ یورپی ممالک بتدریج محدود تعداد میں نوادرات واپس کر رہے ہیں تاکہ سابق نوآبادیات کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جا سکیں۔














