عمران خان کو 25 فروری کو آنکھ کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور، طارق فضل چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو 25 فروری کو اسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کی آنکھ کے علاج کے لیے انجکشن لگایا جائے گا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی آنکھوں کے معائنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں مزید دو انجکشن لگانے کی ضرورت ہے۔ پہلا انجکشن 25 جنوری کو لگایا گیا تھا، جبکہ دوسرا 25 فروری کو اور تیسرا ایک ماہ بعد لگایا جائے گا۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ یہ انجکشن اسلام آباد یا راولپنڈی میں بہترین اسپتال میں لگایا جائے گا جہاں ‘ٹرشری کیئر’ کی سہولت موجود ہو۔ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی کی شکایت پر سپریم کورٹ نے ان کا طبی معائنہ کروایا تھا۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے مطالبے پر جاری دھرنا ختم کر دیا ہے۔















