اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکج کے لیے 19 ارب روپے کی منظوری دی ہے، جو مستحق خاندانوں کو براہ راست نقد مالی امداد کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر 19 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے اضافی فنڈز ضرورت کے مطابق فراہم کیے جائیں گے جبکہ ایک ارب روپے آپریشنل اخراجات کے لیے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مستحق خاندانوں کو رمضان کے دوران نقد مالی امداد براہ راست بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ای سی سی نے فنانس ڈویژن کو اخراجات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے 25 ارب روپے کے اجرا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔














