پنجاب حکومت کی جانب سے 11 ارب روپے کے لگژری جیٹ کی خریداری پر سیاسی حلقوں کی تنقید، حکومت کا دفاع ‘ایئر پنجاب’ کے لیے کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے 11 ارب روپے کی قیمت کا لگژری گلف اسٹریم جی 500 طیارہ خریدنے پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ اس خریداری کا انکشاف اس وقت ہوا جب حکومت نے طیارہ اڑانے کے لیے ماہر پائلٹ کی خدمات طلب کیں۔
یہ طیارہ عام طور پر سربراہان مملکت یا بڑے کاروباری ادارے استعمال کرتے ہیں اور حال ہی میں اسے لاہور سے سیالکوٹ کے درمیان پرواز کرتے دیکھا گیا، جہاں اس نے ‘پنجاب 2’ کوڈ استعمال کیا جو وزیر اعلیٰ کی موجودگی کی علامت ہے۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پنجاب حکومت کی اس خریداری پر کڑی تنقید کی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جب عوام کو قربانی دینے کی تلقین کی جا رہی ہے تو وی آئی پیز لگژری طیاروں میں سفر کر رہے ہیں۔
محمد زبیر نے سوال اٹھایا کہ کیا معاشی بدحالی کے شکار ملک میں ایسی عیاشی برداشت کی جا سکتی ہے؟ اس تنقید کے جواب میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طیارہ دراصل ‘ایئر پنجاب’ کے بیڑے کا حصہ ہے۔














