ایچ ای سی نے ملک بھر کی جامعات کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2026 سے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں اے آئی کا لازمی کورس شامل کریں تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی مہارتیں مل سکیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک کی تمام سرکاری و نجی جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کا تین کریڈٹ گھنٹے پر مشتمل لازمی کورس شامل کریں۔ یہ فیصلہ عالمی تعلیمی و ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے جامعات کے سربراہوں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اے آئی کی تعلیم محض اضافی نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی اور سماجی اثرات کی عملی سمجھ دینا ضروری ہے تاکہ وہ عالمی معیارات کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ جامعات یہ کورس اختیاری یا معاون مضمون کے طور پر پیش کر سکتی ہیں، اور نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، اطلاق اور اخلاقی تقاضے شامل ہوں گے۔ تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے یہ کورس تمام ڈگری پروگرامز میں لازمی ہوگا۔















