خواجہ آصف نے ہاکی فیڈریشن پر سیاسی تقرریوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہوتی رہے گی جب تک فیڈریشن کو پاک نہیں کیا جاتا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے ناروا انتظامی رویے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جب تک ہاکی فیڈریشن کو سیاسی تقرریوں سے پاک نہیں کیا جائے گا، کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہوتی رہے گی۔ انہوں نے ہاکی فیڈریشن پر شدید سیاست کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے قومی کھیل کے مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انشا اللہ یہ معاملہ اسمبلی اور متعلقہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔
آسٹریلیا کے دورے کے دوران کھلاڑیوں کو غیر معیاری سہولیات فراہم کی گئیں، جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی۔ ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے بھی غیر معیاری رہائش پر تحفظات کا اظہار کیا۔
عماد بٹ نے مزید کہا کہ موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن فوری ایکشن لے کیونکہ ورلڈ کپ کے لیے وقت کم ہے۔















