سپریم کورٹ نے صحافی سہراب برکت کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے صحافی سہراب برکت کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ سہراب برکت کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
کیس کی سماعت جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ٹرائل کس مرحلے پر ہے جبکہ سہراب کے وکیل نے بتایا کہ مرکزی ملزمہ صنم جاوید ہیں لیکن انہیں شامل تفتیش نہیں کیا گیا۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ صنم جاوید کی تفتیش مکمل کرکے سپلیمنٹری چالان جمع کرا دیا گیا ہے۔ عدالت نے سہراب برکت کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔














