پشاور میں ایئر پورٹ کے اردگرد پتنگ بازی اور لیزر بیم پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ فلائیٹ سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں فلائیٹ سیفٹی کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ایئر پورٹ کے اردگرد علاقوں میں پتنگ بازی، کبوتر بازی اور لیزر بیم کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق، یہ پابندیاں پشتہ خرہ، گلبرگ، سواتی پھاٹک، لنڈی اخون محمد، یونیورسٹی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں دو ماہ تک لاگو رہیں گی، تاکہ ہوائی حادثات سے بچا جا سکے۔ ان علاقوں میں ہوائی فائرنگ، ڈرون اڑانے اور ہوائی جہازوں کے لیے نقصان دہ لیزر لائٹس کا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔
یہ فیصلہ شہریوں اور ہوائی ٹریفک کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔














