پاکستانی فری لانسرز کی برآمدات رواں مالی سال کے اختتام تک ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، حکومت کو فری لانسرز کی ترقی کے لیے اقدامات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستانی فری لانسرز کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پاکستان فری لانسز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین ابراہیم امین نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں فری لانسرز نے 70 کروڑ ڈالر کمائے جبکہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں یہ آمدنی 55 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
فری لانسرز کو بیرون ملک سے ترسیلات منگوانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ 10 سال سے ایک ہی غیر ملکی مالیاتی ادارہ خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت، اسٹیٹ بینک اور مالیاتی اداروں سے نئے شراکت دار کی تلاش کی تجویز دی ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ فری لانسرز کو سرفہرست برآمد کنندگان کی طرح سراہا جائے اور انہیں جدید غیر ملکی ٹیکنالوجی کی آگاہی فراہم کی جائے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ فری لانسرز کو بیرون ملک کانفرنسز اور نمائشوں میں شرکت کے مواقع دیے جائیں اور انہیں اپنی خدمات فروخت کرنے کی تربیت فراہم کی جائے۔













