ڈیرہ اسماعیل خان میں شرپسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو کسٹم اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شرپسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو کسٹم اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی خان کے تھانہ یارک پر نامعلوم شرپسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور پسپا ہوگئے۔
حکام کے مطابق فرار ہوتے شرپسندوں نے قریبی کسٹم چیک پوسٹ پر بھی حملہ کردیا، جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا۔
ڈی آئی جی سید انور حسین نے بتایا کہ زخمی کسٹم اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کردی گئی جبکہ شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسی علاقے میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر بھی حملہ ہوا تھا، جس میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔














