کراچی میں سپر فلو کا پھیلاؤ، روزانہ سینکڑوں مریض متاثر

کراچی میں انفلوئنزا اے ایچ 3 این 2 کا سپر فلو تیزی سے پھیل رہا ہے، روزانہ سینکڑوں مریض متاثر ہو رہے ہیں، بزرگ اور بچے زیادہ خطرے میں ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کراچی میں سپر فلو کا پھیلاؤ، روزانہ سینکڑوں مریض متاثر

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں انفلوئنزا اے ایچ 3 این 2 کی نئی قسم، جسے سپر فلو کہا جا رہا ہے، تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اکتوبر سے مارچ کے دوران یہ وائرس زیادہ شدت اختیار کر چکا ہے اور شہر کے بیشتر گھروں کو متاثر کر رہا ہے۔

سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری کے مطابق روزانہ 100 سے زائد مریض رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ جناح اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں روزانہ 120 سے زائد مریض فلو، کھانسی اور الرجی کی علامات کے ساتھ آ رہے ہیں۔ دمہ کے مریض بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بزرگ افراد، حاملہ خواتین، نومولود اور 5 سال تک کے بچے زیادہ خطرے میں ہیں۔ صوبائی حکومت نے فلو ویکسین کو حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں شامل نہیں کیا، جبکہ نجی سطح پر ویکسین کی قیمت 5000 سے 10000 روپے کے درمیان ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کے مطابق وائرس میں تبدیلی کے باعث اس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ مریض تیز بخار، گلے کی خراش، خشک کھانسی، جسم درد اور شدید کمزوری کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین طویل عرصے سے فلو ویکسین کو قومی حفاظتی پروگرام میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں