راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مالی بے ضابطگیاں جاری ہیں جبکہ مستقل افسران کی تعیناتی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ فنانس میں مالی بے ضابطگیوں کے باوجود مستقل افسران کی تعیناتی نہیں ہو سکی۔ ڈائریکٹوریٹ فنانس اضافی چارج اور جنرل کیڈر افسران کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
مئی 2025 میں سرکاری اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر 2 ارب روپے فرضی کمپنیوں کو منتقل کیے گئے۔ ٹھیکیداروں کے سکیورٹی ڈپازٹس سے بھی لاکھوں روپے منتقل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسکینڈل کے بعد مستقل ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس آصف جنجوعہ ریٹائر ہو گئے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس جُنید تاج بھٹی کا تبادلہ پہلے ہی ہو چکا تھا۔ متعدد افسران کو باری باری اضافی چارج دیا گیا، جن میں احمد صہیب قاضی، مسعود ارشد، افتخار جنجوعہ، داود ملک اور آبگین خان شامل ہیں۔
تقریباً ساڑھے 9 ماہ گزرنے کے باوجود مستقل فنانس کیڈر کی تقرری نہ ہونے پر مزید بے ضابطگیوں کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ مالی شفافیت اور احتساب کے لئے حساس عہدوں پر مستقل تقرری ضروری سمجھی جاتی ہے۔














