پاکستان اور قطر نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4.48 کلوگرام کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی؛ ایک خاتون سمیت دو افراد گرفتار۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان اور قطر کی مشترکہ کارروائی میں 4.48 کلوگرام کوکین کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انسداد منشیات فورس نے قطری حکام کے تعاون سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ شارجہ سے دوحہ کے راستے اسلام آباد آنے والی پاکستانی مسافر سہرش بانو کے ٹرالی بیگ کی تلاشی کے دوران 4.482 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، جسے مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کا ہینڈلر ایئرپورٹ کے باہر موجود ہے۔ اطلاع پر اے این ایف نے عامر اسداللہ نامی شخص کو اس کی گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق منشیات سے بھرا بیگ دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نائجیرین شہری نے حوالے کیا تھا، جس کے پیچھے متحدہ عرب امارات میں موجود ہینڈلرز کا کردار بتایا جا رہا ہے۔
حکام نے ملزمان، برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ حکام کے مطابق کوکین کی اسمگلنگ میں خواتین کو بطور کیریئر استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔














