ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکہ کو سخت انتباہ دیا ہے کہ ایرانی ہتھیار ائیر کرافٹ کیریئرز کو غرق کرسکتے ہیں۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی ائیر کرافٹ کیریئرز کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ائیر کرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اسلامی جمہوریہ ایران کو نہیں گرا سکیں گے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارے دیے ہیں اور ایران کی جانب بحری بیڑہ بھیجنے کا ذکر کیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نیوی نے بھی کہا ہے کہ وہ حکم ملتے ہی آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔ منگل کو ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ‘اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز’ مشق کے دوران چند گھنٹوں کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی۔
پاسداران انقلاب نیوی کے جنگی یونٹس نے مشق کے دوران مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا اور اہداف کو نشانہ بنایا۔ تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں نے بھی میزائل فائر کئے جبکہ خلیج کے ساحلی علاقوں سے داغے گئے میزائلوں نے بھی کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔













