چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی بار ایسوسی ایشنز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے بروقت انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی بار ایسوسی ایشنز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ بار اور بینچ لازم و ملزوم ہیں اور وکلا کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سائلین کو بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم سے پنجاب کی مختلف ضلعی و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کی بہتری کے لیے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کے جوڈیشل کمپلیکسز میں بار ایسوسی ایشنز میں ای لائبریریز اور سولر سسٹم مہیا کئے جا رہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے عدالتی نظام میں نئی اصلاحات نافذ کی گئی ہیں۔

جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ مقدمات کی دائری کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے درپیش مشکلات کے تدارک کے لئے نئے ایس او پیز منظور کر لئے گئے ہیں جو جلد جاری کر دیے جائیں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ زیر التواء مقدمات کے خاتمے، جدید اصلاحات کے نفاذ اور بارز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وکلا کا تعاون ناگزیر ہے۔ عدالتی نظام کے بنیادی سٹیک ہولڈرز سائلین ہیں اور ان کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ہڑتال کلچر کی حوصلہ شکنی کرنا ضروری ہے۔

بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے چیف جسٹس کی جانب سے جدید اصلاحات کے نفاذ کی تعریف کی اور وکلا کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عالیہ نیلم نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز خصوصاً خواتین اور نوجوان وکلا کے مسائل کا حل لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں