اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کو قتل کی کوشش اور دیگر کیسز میں گرفتار کرنے سے روک دیا، گرفتاری پر حکم امتناع جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کی کوشش اور دیگر کیسز میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے 18 فروری تک عمران خان اور بشری بی بی کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری کیا۔
عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی، جبکہ عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی اور عمران خان کو آئندہ سماعت میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کی عدم موجودگی کے باعث دلائل پیش نہیں کیے جا سکے، عدالت نے سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔
عمران خان کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل اور جعلی رسیدوں سمیت مختلف مقدمات درج ہیں جبکہ بشری بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے۔















