انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ انہیں 26 نومبر احتجاج کیس میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی گرفتاری کا دوبارہ حکم جاری کر دیا ہے۔ علیمہ خان 26 نومبر تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں ملزمہ ہیں اور عدالت میں 12 ویں بار پیش نہ ہو سکیں، جس پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس میں علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے کل عدالت میں پیش کیا جائے۔
سماعت کل 18 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے جبکہ کیس کے آخری گواہان اور تفتیشی افسران کو طلب کر لیا گیا ہے۔















