عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں بہتری آئی ہے، شیر افضل نے طنزیہ کہا کہ یہ کوئی سنگین مسئلہ نہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیئر سیاستدان شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبی رپورٹ پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان دائیں آنکھ سے آخری لائن نہیں پڑھ سکتے تو یہ کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے، ہم بھی اس عمر میں یہ نہیں کر سکتے۔
شیر افضل نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر سمجھا جا رہا تھا کہ عمران خان کی 85 فیصد بینائی ضائع ہو چکی ہے، تاہم ان کی آنکھ ضائع نہیں ہوئی اور انہیں ایک انجیکشن لگ چکا ہے جبکہ دوسرا 25 تاریخ کو لگے گا جس سے خون کے لوتھڑے کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بندش پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو حکومت دی گئی ہے تو سڑکیں کیوں بند کی جا رہی ہیں؟ بند کرنا ہے تو اسلام آباد میں کریں۔
واضح رہے کہ الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے شعبہ امراضِ چشم نے عمران خان کی طبی معائنے کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق دائیں آنکھ کی بینائی میں بہتری دیکھی گئی ہے۔














