پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے میں شیر افضل مروت کی آمد پر سہیل آفریدی کرسی چھوڑ کر چلے گئے، اپوزیشن بانی پی ٹی آئی کی طبی سہولتوں کی فراہمی تک دھرنا جاری رکھے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری رہا جبکہ خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر بھی احتجاج شروع ہو چکا ہے۔ دھرنے میں شیر افضل مروت کی اچانک آمد نے سب کو حیران کر دیا اور وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اُنہیں دیکھ کر کرسی چھوڑ کر چلے گئے۔
اپوزیشن قیادت نے اعلان کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں مکمل طبی سہولتیں ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔ مظاہرے میں اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
شیر افضل مروت نے میڈیا کو بتایا کہ وہ صرف علی امین گنڈاپور سے ملنے آئے تھے اور دوستی کو اہمیت دیتے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی عمران خان کی رہائی کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے احتجاج اور شاہراہوں کی بندش پر وفاقی حکومت سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لندن سے بیان دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے اور سوشل میڈیا پر سنسنی خیزی کی جا رہی ہے۔














