مظفرآباد میں اوورسیز کشمیریوں کے اعزاز میں کنونشن منعقد ہوا جس میں حکومتی رہنماؤں اور اوورسیز کشمیریوں نے شرکت کی۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مظفرآباد میں دیار غیر میں بسنے والے کشمیریوں کے اعزاز میں ایک شاندار کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، اپوزیشن لیڈر اور حریت رہنماؤں سمیت دنیا بھر سے اوورسیز کشمیریوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہر سال اربوں ڈالر بھیج کر قومی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اوورسیز کشمیری مستقبل کے معمار ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
کنونشن میں شریک اوورسیز کشمیریوں نے حکومت آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل پر توجہ دینے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آزاد کشمیر میں دیارِ غیر میں بسنے والے کشمیریوں کے اعزاز میں حکومتی سطح پر اتنی بڑی تقریب منعقد کی گئی۔














