فیصل آباد میں مداری کی گرفتاری کے دوران اس کا بندر پولیس گاڑی کے سامنے آ بیٹھا، بعد میں بندر کو بھی حراست میں لیا گیا۔
فیصل آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)فیصل آباد کے علاقے گلبرگ روڈ پر ایک مداری کی گرفتاری کے دوران اس کا پالتو بندر پولیس گاڑی کے سامنے آ بیٹھا اور کچھ دیر تک وہیں موجود رہا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے اطلاع ملنے پر مداری کو حراست میں لے لیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق مداری بندر کا تماشا دکھا کر روزی کما رہا تھا کہ پولیس موقع پر پہنچی اور اسے گرفتار کر کے گاڑی میں بٹھا لیا۔ بندر کو وہیں چھوڑ دیا گیا جس نے گاڑی کے سامنے بیٹھ کر اپنے مالک کے ساتھ جانے کی کوشش کی۔
بعد ازاں بندر قریبی رہائشی گھر میں داخل ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس دوبارہ موقع پر پہنچی اور مداری کی مدد سے بندر کو قابو کر کے دونوں کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ تھانے میں مداری راہداری میں لیٹ گیا جبکہ بندر اس کے قریب موجود رہا۔
پولیس حکام کے مطابق مداری کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد اسے رات گئے رہا کر دیا گیا۔ شہری علاقوں میں بغیر اجازت جانوروں کے تماشے دکھانے کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔















