نیپرا نے پرانے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے صارفین پر نیٹ بلنگ سسٹم کا اطلاق ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیپرا نے فیصلہ کیا ہے کہ پرانے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رہے گی۔ سولر پالیسی 2026 کے ترمیمی مسودے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اتھارٹی نے مجوزہ ترامیم پر شراکت داروں اور متعلقہ فریقین سے 30 روز کے اندر تجاویز طلب کرلی ہیں۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ تمام آرا اور سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ ترامیم کا اطلاق 9 فروری سے کیا جائے گا۔ تاہم پرانے نیٹ میٹرنگ صارفین کی موجودہ پالیسی اور شرائط کو برقرار رکھا جائے گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ پرانے نیٹ میٹرنگ صارفین کے ریٹ اور کنٹریکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ موجودہ صارفین نیٹ بلنگ کے بجائے نیٹ میٹرنگ کی سہولت بدستور حاصل رکھیں گے۔
اعلامیے کے مطابق پرانے صارفین کا سات سالہ معاہدہ اور بائی بیک ریٹ بھی برقرار رہے گا اور اس میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، دوسری جانب نئے صارفین پر نئے ریگولیشنز اور نیٹ بلنگ سسٹم کا اطلاق ہوگا۔















