وفاقی وزارت صحت کے ذیلی اداروں میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ پمز اور پولی کلینک اسپتال میں کروڑوں روپے کی خلاف ضابطہ خریداری کا انکشاف ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزارت صحت کے ذیلی اداروں میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پمز میں قائداعظم پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج منصوبے میں بے ضابطگیاں کی گئیں جبکہ پولی کلینک اسپتال میں ادویات اور طبی سامان خلاف ضابطہ خریدا گیا۔
معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ لاہور کے آڈٹ اعتراضات پیش کیے گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے 185 ملین کی خلاف ضابطہ سرمایہ کاری پر سوالات اٹھائے گئے۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ رولز تیار کیے جا رہے ہیں۔ کنوینر کمیٹی نے وزارت صحت سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پمز میں منصوبے کے صرف 25 فیصد کام کے باوجود مکمل ادائیگی کی گئی، جس سے قومی خزانے کو آٹھ کروڑ 62 لاکھ روپے نقصان ہوا۔ پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے پولی کلینک اسپتال میں 21 کروڑ 47 لاکھ روپے کی خلاف ضابطہ ادویات خریداری کا انکشاف کیا۔















