این ایچ اے نے خسارے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے مالی استحکام کا دعویٰ کیا، اکاؤنٹنگ فرق پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اپنے خسارے میں جانے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ رپورٹس اکاؤنٹنگ اندراج کی غلط فہمی پر مبنی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ادارہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن یا انتظامی اخراجات کے لیے وفاقی حکومت پر بوجھ نہیں بنتا، جبکہ 295 ارب روپے کے خسارے کا دعویٰ محض اکاؤنٹنگ کا فرق ہے۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ادارے کی آپریٹنگ آمدن 43 ارب 60 کروڑ روپے رہی، جو کہ 122 ارب روپے سے زائد کی آمدن اور 78 ارب 40 کروڑ روپے کے آپریٹنگ اخراجات کے فرق سے حاصل ہوا۔ این ایچ اے کی آپریٹنگ آمدنی میں 63 فیصد اضافہ اور سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں 31 فیصد کمی واقع ہوئی۔
ترجمان کے مطابق وفاقی پی ایس ڈی پی پر بوجھ کم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دی جا رہی ہے اور ادارے کا آپریشنل منافع برقرار ہے، جو اس کی مالی استحکام کا ثبوت ہے۔












