اقوام متحدہ کی نمائندہ فرانسسکا البانیز کے خلاف جھوٹے بیانات پر عالمی سطح پر ردعمل۔
فلسطین: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کے خلاف مبینہ جھوٹے بیانات پر عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اسرائیل کو ‘انسانیت کا مشترکہ دشمن’ قرار نہیں دیا۔
قطر میں منعقدہ ایک فورم کے ٹرانسکرپٹ کے مطابق البانیز نے اسرائیل کے بجائے عالمی مالیاتی اور اسلحہ نظام کا حوالہ دیا تھا۔ باوجود اس کے، بعض یورپی وزرا ان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اپنے بیانات واپس نہیں لے رہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل اگنیس کالامارڈ نے کہا کہ آسٹریا، چیکیا، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرا نے ادھوری ویڈیو کی بنیاد پر الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام کو نہ صرف سوشل میڈیا پوسٹس حذف کرنی چاہئیں بلکہ باقاعدہ معذرت بھی کرنی چاہیے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے بھی ان الزامات کو من گھڑت اور سیاق و سباق سے ہٹ کر قرار دیا۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے عہدیداروں کے بیانات کو مسخ کرنا ادارے کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے۔
فرانس میں وکلا کی ایک تنظیم نے وزیر خارجہ ژاں نول بارو کے خلاف شکایت دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تصدیق شدہ ٹرانسکرپٹ کے باوجود غلط بیانی کی گئی۔
واضح رہے کہ 100 سے زائد فنکاروں اور شخصیات نے بھی ایک کھلے خط میں فرانسسکا البانیز کی حمایت کی ہے، ان میں مارک روفالو، سوزن سرینڈن اور خاویر بارڈیم شامل ہیں۔














