من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی، خیبرپختونخوا حکومت نے ایک روز میں 47 کروڑ روپے کما لیے

خیبرپختونخوا حکومت نے نمبر پلیٹس کی نیلامی سے 47 کروڑ روپے کمائے، داوڑ 1 نمبر پلیٹ 17 کروڑ 50 لاکھ میں فروخت ہوئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا حکومت کی نمبر پلیٹس نیلامی میں 47 کروڑ کی کمائی

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے تحت منعقدہ نیلامی میں گاڑیوں کی من پسند چوائس نمبر پلیٹس سے ایک ہی روز میں 47 کروڑ روپے کمائے۔ نیلامی ارینا ہال، قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں 30 نمبرات کی نیلامی کی گئی۔

نیلامی میں سب سے زیادہ بولی "داوڑ 1” نمبر پلیٹ پر 17 کروڑ 50 لاکھ روپے دی گئی، جسے انضمام الحق نے خریدا۔ دوسری بڑی بولی "اورکزئی 1” نمبر پلیٹ پر دی گئی جو سابق سنیٹر اورنگزیب خان نے 4 کروڑ 10 لاکھ روپے میں حاصل کی۔

دیگر اہم نمبر پلیٹس میں "وزیرستان 1″، "مہمند 1″، "باجوڑ 1” اور "خیبر 1” بھی شامل تھیں، جن کی بولی کروڑوں میں لگائی گئی۔ نیلامی کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن عبدالحلیم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر ایکسائز سید فخرِجہان نے اس اقدام کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے مزید نیلامیوں کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوام کی دلچسپی کے باعث منصوبہ کامیاب رہا۔

دیگر متعلقہ خبریں