ندا یاسر نے اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی وجہ منفی تبصرے بتائی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بڑے بچوں کو سوشل میڈیا سے دور کیوں رکھتی ہیں۔ ندا یاسر نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر گفتگو کی۔
ندا یاسر نے بتایا کہ جب ان کے بچے نوعمری میں پہنچے تو ان کی فیملی پکچرز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، جس کے بعد ان کے بیٹے نے یہ تصاویر اپنے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کیں۔ بعد ازاں ان کے بچوں کے بارے میں منفی تبصرے کیے گئے جن سے وہ دلبرداشتہ ہو گئے۔
ندا یاسر کے مطابق، ان کے اور یاسر کے پروفیشن کا حصہ ہے کہ انہیں لوگوں سے پیار اور تنقید دونوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن بچے ان باتوں کو سمجھ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہوا کہ بچے ذہنی طور پر ان سب کے لیے تیار نہیں ہیں اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچوں کو ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا چھوٹا بیٹا بالاج ابھی کم عمر ہے اور سوشل میڈیا کی منفی باتوں سے بے خبر ہے، لیکن ایک بار اس کے لمبے بالوں پر بھی تنقید کی گئی جس کے بعد اس نے بال کٹوا لیے۔ ندا یاسر کا کہنا تھا کہ جب ان کا چھوٹا بیٹا سمجھدار ہوجائے گا تو وہ اس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کردیں گی۔
واضح رہے کہ ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی سمجھی جاتی ہے اور وہ اپنی فیملی کے حوالے سے ہمیشہ محتاط رہتے ہیں۔















