پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل رمضان نگہبان پیکیج کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت 40 لاکھ گھرانوں کو 40 ارب روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے ڈیجیٹل رمضان نگہبان پیکیج کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت 40 لاکھ گھرانوں کو 40 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پیکیج کے ہر مرحلے پر شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات مکمل کیے ہیں اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن 08000-2345 قائم کی گئی ہے۔
صوبے کی ہر تحصیل میں 160 خصوصی مراکز فعال کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو رجسٹریشن اور رہنمائی کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ امداد کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف نظام کے تحت ہوگی تاکہ نہ لمبی قطاریں ہوں اور نہ ہی شہریوں کو مشقت کا سامنا کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق اے ٹی ایم کارڈ کی ڈلیوری کا عمل شروع ہوچکا ہے اور کارڈ ایکٹیویشن کے لیے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس اور آؤٹ لیٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ رمضان المبارک میں راشن کارڈ کی مالی امداد 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے۔














