شیری رحمان نے ایئرپورٹس پر سہولیات کی کمی پر تشویش ظاہر کی اور فوری اصلاحات کی اپیل کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے ملک کے ایئرپورٹس پر سہولیات کی کمی اور بدانتظامی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام بہتر سہولیات کے مستحق ہیں اور محسن نقوی اور خواجہ آصف سے معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی۔
شیری رحمان نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خواتین کے لیے مختص گیٹ بار بار بند ہونے کے باعث لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایک گیٹ کھلا ہونے سے مسافروں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور خواتین کے احتجاج پر دوسرا گیٹ کھولا گیا مگر کچھ دیر بعد پھر بند کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی یہی صورتحال ہے اور رویوں کی تبدیلی کی شکایات برقرار ہیں۔ شیری رحمان نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فوری اصلاحات کی اپیل کی ہے۔














