بنگلادیش انتخابات میں جماعت اسلامی کے رہنما احمد بن قاسم نے حریف امیدوار کی والدہ سے ملاقات کی اور لاپتہ افراد کی بازیابی کی تحریک جاری رکھنے کا عزم کیا۔
ڈھاکا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلادیش کے 13 ویں عام انتخابات میں ڈھاکا کی نشست سے کامیاب ہونے والے جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنما بیرسٹر احمد بن قاسم ارمان اپنی حریف بی این پی امیدوار سنجیدہ اختر کے گھر پہنچے۔ وہاں انہوں نے سنجیدہ اختر کی والدہ حاضرہ خاتون سے ملاقات کی اور جذباتی مناظر میں ان کے گلے لگ کر رو پڑے۔
حاضرہ خاتون بنگلادیش میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم تنظیم مائر داک (ماں کی آواز) کی بانی ہیں، جو انہوں نے اپنے بیٹے ساجد الاسلام ثمن کے اغوا کے بعد قائم کی تھی۔
بیرسٹر احمد بن قاسم کے والد میر قاسم علی کو 2016 میں پھانسی دی گئی تھی، جبکہ خود احمد بن قاسم کو 2016 میں اغوا کیا گیا تھا اور ان کی رہائی 2024 میں ہوئی تھی۔
بیرسٹر احمد بن قاسم نے کہا کہ مائر داک نے ہمیں احتجاج کرنا سکھایا اور لاپتہ افراد کی بازیابی کی تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے اس خاندان کے ساتھ انسانی بنیادوں پر رشتہ قائم رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔














