عامر سہیل نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کو آئی سی سی قوانین کے مطابق قرار دیا، مخالف ٹیمیں ان کے منفرد انداز سے خوفزدہ ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر اعتراضات کے باوجود سابق کرکٹر عامر سہیل نے ان کے ایکشن کو آئی سی سی قوانین کے مطابق قرار دیا ہے۔ عامر سہیل نے ایک ٹی وی پروگرام میں عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ عثمان طارق کا ایکشن آئی سی سی کے بائیو مکینیکل قوانین کے مطابق ہے، جہاں پندرہ ڈگری کے اندر ہاتھ کی حرکت کی اجازت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کی بولنگ میں معمولی بینڈ آئی سی سی ضوابط کے مطابق ہے اور اس پر پابندی کا سوچنا ناانصافی ہوگی۔
عامر سہیل نے مزید کہا کہ عثمان طارق کے منفرد ایکشن کی وجہ سے مخالف ٹیمیں خوفزدہ ہیں، اور یہ ان کے کھیل کی مہارت کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کا ایکشن دو بار آئی سی سی سے کلیئر ہوچکا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس بنیاد پر کسی قسم کی پابندی غیر منصفانہ ہوگی۔















