بی این پی نے بنگلہ دیش انتخابات پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا، تعلقات میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بی این پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد جمہوری جذبے کی تعریف ہے جو بنگلہ دیش کے شہریوں کے اعتماد اور قومی ترقی کے عزم کو مضبوط بناتا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان کو بی این پی خوش آئند سمجھتی ہے اور وہ باہمی احترام، خود مختاری اور تعمیری مکالمے پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
بی این پی نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مستقبل میں عملی تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کریں گے۔
پارٹی کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سمت میں پاکستان کے ساتھ مثبت پیش رفت کی جائے گی۔















