اسلام آباد میں سینیٹ اجلاس کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت پر قرارداد مسترد ہونے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے متعلق پیش کی گئی قرارداد مسترد کردی گئی، جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین کے ڈائس کے سامنے نعرے بازی کی۔
قرارداد عون عباس بپی نے پیش کی تھی، جسے حکومت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے تحریک پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی رہائش اور سیکیورٹی کے امور واضح ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہر دوسرے روز معائنہ ہوتا ہے جبکہ بیرونی ڈاکٹروں نے بھی 25 مرتبہ چیک اپ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے حکومتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر لاپرواہی برتی گئی ہے اور ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ نہیں کرایا گیا۔
قرارداد مسترد ہونے کے بعد ایوان کا ماحول کشیدہ رہا اور اپوزیشن ارکان نے حکومتی رویے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔














